کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیو لپمنٹ کی جانب سے سندھ میں غیرملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں سمیت دیگر 12 آڈٹ پیراز کا نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری پی اینڈ ڈی کو غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے اربوں روپے کے منصوبوں سمیت دیگر آڈٹ پیراز کا نامکمل ریکارڈ فراہم کرنے والے پی اینڈ ڈی کے متعلقہ افسران کے خلاف تحقیقات کرکے ذمہ دار افسران کے خلاف کاروائی کا حکم دیا ہے جبکہ پی اے سی نے سیکرٹری پی اینڈ ڈی کو محکمے کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی رپورٹ ایک ہفتے میں آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، پیر کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں پی اے سی کے اراکین قاسم سراج سومرو، سعدیہ جاوید، خرم کریم سومرو سمیت محکمے کے سیکریٹری جاوید صبغت اللہ مہر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ پی اے سی اجلاس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ کی سال 2019ع سے سال 2021ع تک آڈٹ پیرا کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ سندھ میں غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے اربوں روپوں کے منصوبوں سمیت 12 آڈٹ پیراز کا مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کرسکا ۔