• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ میں آجروں کیلئے نیشنل انشورنس میں اضافہ کا امکان، وزیراعظم کا خارج از امکان قرار دینے سے گریز

لندن (پی اے) وزیراعظم نے بجٹ میں آجروں کیلئے نیشنل انشورنس میں اضافہ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس سال کا بجٹ سخت ہوگا لیکن اس میں ملک کی تعمیر نو پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں واضح کردیا ہے کہ لیبر پارٹی محنت کشوں پر ٹیکسوں میں اضافہ نہیں کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہم نے بار بار یہ بات کہی ہے اور ہم اپنے منشور پر عمل کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔ آجر فی الوقت175 پونڈ ہفتہ اجرت لینے والے اپنے تمام ملازمین کیلئے 13.8 فی صد کی شرح نیشنل انشورنس ادا کرتے ہیں، اسی طرح 16 سال کی عمر کو پہنچ جانے کے بعد242 پونڈ ہفتہ کمانے والے ملازمین یا 12,570 پونڈ سالانہ منافع کمانے والے لوگوں کو بھی نیشنل انشورنس ادا کرنا پڑتی ہے۔ حکومت کی مقرر کردہ پنشن کی عمر کو پہنچنے والے لوگوں کو، خواہ وہ ملازمت یا کام کررہے ہوں، اس کی ادائیگی نہیں کرنا پڑتی، اس بات کی قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں کہ معیشت میں 22 بلین پونڈ کے بلیک ہول کو پر کرنے کیلئے آجروں کیلئے نیشنل انشورنس کی شرح میں اضافہ کردیا جائے گا۔ وزیراعظم اس بات پر سختی سے قائم رہے کہ بجٹ کے اعلان سے قبل اس کے بارے میں کوئی قیاس آرائی نہیں کریں گے، تاہم وزیراعظم کے انٹرویو سے یہ بات واضح ہوگئی کہ آجروں کیلئے نیشنل انشورنس کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا، اسی طرح اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ چانسلر رچل ریوز حکومت کے قرض لینے کی مالیت تبدیل کرنے کیلئے مالیاتی قواعد میں بھی تبدیلی کریں گی، اس حوالے سے یہ بحث جاری ہے کہ کیا ایسا کرنا لیبر پارٹی کے منشور کے مطابق ہوگا۔ اس حوالے سے اہم سوال یہ ہے کہ نیشنل انشورنس کی شرح میں اضافے سے معیشت کو کیا فائدہ پہنچے گا، خاص طورپر ایسے وقت میں جبکہ حکومت ملک کو سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ پیرکو رچل ریوز نے کہا کہ لیبر پارٹی کے منشور میں کہا گیا ہے کہ محنت کشوں کیلئے نیشنل انشورنس کی شرح میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹریژری کے افسران کا خیال ہے کہ آجروں پر نیشنل انشورنس کی شرح میں اضافے سے بجٹ کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ فسکل اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کے مطابق آجروں سے پورے 13.8 فیصد پنشن کنٹری بیوشن کی وصولی سے خزانے کی آمدنی میں 17 بلین پونڈ سالانہ کا اضافہ ہوگا۔ نیشنل انشورنس کی شرح میں اضافے کے عندیئے کے ساتھ ہی حکومت نے منگل کو برائون فیلڈ کی زمین پر مکانوں کی تعمیر کیلئے 68 ملین پونڈ جاری کئے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ رقم ملک کے تمام علاقوں میں مکانوں کی تعمیر کیلئے استعمال کی جائے گی، حکومت نے ہائوس بلڈنگ سسٹم میں اصلاحات کے ذریعے اگلے 5 سال میں 1.5 مکان تعمیر کرانے کا وعدہ کیا ہے۔

یورپ سے سے مزید