• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم

پشاور(نیوز رپورٹر)پشاورہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما وڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی ،صنم جاوید، عالیہ حمزہ اور راجہ بشارت کے خلاف درج تمام مقدمات میں گرفتاری روکتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو صوبوں سے ان کے خلاف درج مقدمات کاڈیٹا حاصل کرکے عدالت کے میں جمع کرنے کاحکم دیدیااوراس ضمن میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اب تک درج کسی بھی مقدمے میں بھی انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔ گزشتہ روز جسٹس شکیل احمد اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دورکنی بنچ نے چار مختلف رٹ درخواستوں کی سماعت کی۔ جس میں انہوں نے موقف اختیار ہے کہ ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جن میں بعض رکن اسمبلی بھی ہیں تاہم وہ کسی سلسلے میں پشاور آئے تھے اور پارٹی میٹنگ کے بعد واپس جانے لگے تو انہیں اطلاع دی گئی کہ ان کی گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کے ساتھ سازباز کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کیے۔ ان کے وکیل خاقان وزیر نے عدالت کوبتایاکہ درخواست گزار پی ٹی آئی کے سرگرم رکن ہیں جن میں ثر یا بی بی ڈپٹی سپیکر ہیں لیکن اس کے باوجود وفاقی وپنجاب حکومت انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کررہی ہے اور انہیں ایسے مقدمات میں گرفتار کرنے کا خدشہ ہے جن کا انہیں علم نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ مقدمات سے متعلق معلومات کیلئے متعلقہ حکومتوں سے رابطے کیے گئے تاہم تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی ہے جو غیر قانونی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی درخواست گزاروں کی گرفتاری روکی جائے اور ان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے کیونکہ موجودہ صورتحال میں ان کا تینوں صوبوں میں جانا ممکن نہیں ہے ۔ اس موقع پر فاضل بنچ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل ثناءاللہ کو عدالت طلب کیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری داخلہ سے رابطہ کرے تاکہ وہ درخواست گزاروں کیخلاف درج تمام کیسز کی رپورٹ حاصل کرے اور انہیں ہدایت کی مذکورہ رپورٹ عدالت میں جمع کی جائے ۔ عدالت نے 31 اکتوبر تک درخواست گزاروں کو گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دیدیا۔
پشاور سے مزید