راولپنڈی (ایجنسیاں/جنگ نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ ہو گیا ہے اور وہ صحت مند ہیں‘ بانی پی ٹی آئی نے منگل کو ایک گھنٹہ ورزش بھی کی ہے۔بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 5 روز سے بدہضمی کی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے سے ہی دوائیاں استعمال کررہے ہیں۔میڈیکل رپورٹ پمز اسپتال کے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مکمل فٹ اور ایکٹیو ہیں۔میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ کچھ ماہ سے ٹنی ٹس بیماری کی بھی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے ہی ادویات لے رہے ہیں۔