حیدرآباد (نمائندہ جنگ)سانحہ کارساز کے شہداء اور شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پی ایس64حیدرآباد پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے لبرٹی چوک پر شمع روشن کی گئی اور انکے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذولفقار علی شاہ پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینٹر وقار مہدی، پی ہی پی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری سینیٹر عاجز دھامرہ ، ایم پی اے حناء دستگیر ، ایم پی اے نظرت پٹھان ، نورالنساء ابڑو ،ٹاون چیئرمین قاسم آباد عمیر چانڈیو، سید غلام مصطفیٰ شاہ، دانیال ابڑو ، انجینئر سکندر حیات بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا یہ دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب ایک آمر کی حکومت میں شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی پر بم دھماکے کروا کر سینکڑوں کارکنان کوشہید کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری سینیٹر عاجز دھامرہ کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کے دن ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز و رہنما یہ تجدید عہد کرتے ہیں کہ عوام کی فلاح و بہبود کے خاطر اس جمہوری مشن کو جاری رکھا جائے گا۔