کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کیِ مرکزی کمیٹی نےشہر میں ایک بار پھر بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اربوں روپے بل اور نت نئے ٹیکسز کے نام پر بٹورنے کے باوجود کے الیکٹرک عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہے جو سراسر بدنیتی پر مبنی ہے دن و رات کی اوقات میں گھنٹوں بجلی کی عدم موجودگی نے لوگوں کو ذہنی دباؤ کا شکار کر دیا ہے، ناقص ترسیلی اور مسلط کردہ مافیا طرز نظام نے اہل کراچی کو شدید عذاب سے دوچار کر رکھا ہے، ایم کیو ایم نےحکومت اور متعلقہ وزارت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو اس اذیت سے نکالنے کا مستقل بنیادوں پر سدباب اور کے الیکٹرک نام کے مافیا کو لگام ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے جس نے پاکستان کے معاشی حب کو مفلوج کر رکھا ہے۔