نیویارک(عظیم ایم میاں)بھارت کا دوہرا معیار۔ امریکی سکھ شہری کے قتل کا ناکامُ منصوبہ۔ تعاون کےلئے بھارتی کمیٹی واشنگٹن میں۔ کینیڈین سکھ شہری کا قتل بھارت کا تعاون سے انکار۔ بھارت ۔ کینیڈا کشیدگی۔ طاقتور کے آگے سرنڈر۔ امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کر دی ہے کہ بھارت کی مقرر کردہ ایک کمیٹی گزشتہ روز واشنگٹن پہنچ گئی ہے جو ایک امریکی شہری اور ’’سکھ فار جسٹس‘‘ نامی خالصتان کی حامی امریکی تنظیم کے رہنما گریتونت سنگھ کو قتل کرنے کی ناکام سازش کی تحقیقات میں امریکہ سے تعاون کرے گی، یہ کمیٹی گزشتہ سال امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے فرد جرم میں بھارتی حکومت کے جس سرکاری ملازم کی نشاندہی کی گئی تھی اور جس نے امریکی شہری اور خالصتان کے حامی گریتونت سنگھ کو قتل کرنے کے ناکام منصوبہ کی نگرانی کی تھی یہ بھارتی کمیٹی اس بارے میں امریکہ سے تعاون اور اپنی تحقیقات سے آگاہ کرے گی، واضح رہے کہ گزشتہ سال نیویارک میں سکھ رہنما گریتونت سنگھ کو قتل کرنے کے منصوبے کو امریکی تحقیقاتی اور سیکورٹی اداروں نے ناکام بنا دیا تھا اور تحقیقات کر کے مقدمہ کے سلسلے میں فرد جرم بھی عائد کی تھی جس میں اس سازش میں بھارتی حکومت کے ایک سرکاری ملازم کو اس منصوبہ میں ملوث قرار دیا گیا ہے، یہ بھارتی کمیٹی امریکی حکام سے اس کیس کے بارے میں گفتگو کرے گی اور اپنی تحقیقات اور موقف سے بھی امریکا کو آگاہ کرے گی، کے علاوہ امریکی موقف سے بھی آگہی حاصل کرے گی ۔ بھارت نے امریکہ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ قتل کے اس ناکام منصوبہ میں شریک دیگر رابطوں اور حقائق جاننے کے لیے بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ بھارتی حکومت کے سابق ملازم کے اور کس کس سے رابطے تھے۔ واضح رہے کہ امریکی سرزمین پر امریکی شہری گریتونت سنگل کے قتل کے ناکام منصوبہ کا کینیڈا میں خالصتان کے حامی اور گریتونت سنگھ کے بااعتماد ساتھی اور کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ کو کینیڈین سرزمین پر قتل کیا جا چکا ہے اس قتل کے بارے میں کینیڈا کی سیکورٹی اور تحقیقاتی ایجنسیوں نے ڈیڑھ سال کی تحقیقات کے بعد اس کینیڈین قتل میں بھارتی ہائی کمیشن کے بعض افسروں کو بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی ہدایات کے تحت کینیڈین سکھ رہنما کے قتل کی منصوبہ بندی اور ہدایات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔