اسلام آباد ( جنگ نیوز) اکادمی ادبیاتِ پاکستان اور ویت نام رائٹرز ایسوسی ایشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ویت نام کے دار الحکومت ہینوئے میں ہوئی۔ یادداشت پر اکادمی ادبیاتِ پاکستان کی صدرنشیں ڈاکٹر نجیبہ عارف جب کہ ویت نام رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدرشاعر نُووِن کُوانگ تھیو نے دستخط کئے۔ تقریب میں پاکستانی سفیر خدایار مرّی نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اِس مفاہمتی معاہدے سے دونوں ممالک کے ثقافتی و ادبی تعلقات بڑھیں گے اور عوامی سطح پر رابطے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اِس معاہدے کے تحت مندوبین کی باہم ترسیل، ادب پاروں کے باہم تراجم، اور ادبی اداروں کے باہمی روابط قائم ہوں گے۔