پشاو ر(خصوصی نامہ نگار) محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے آج صوبے کے 17 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیات انتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ، ہسپتالوں کو الرٹ رہنے اور تیاریوں کی ہدایات جاری کر دیں۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی جانب سے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کرک، کوہاٹ، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کولئی پالس، سوات، شانگلہ، بونیر، دیر بالا اور باجوڑ کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے طبی عملے، ضروری ایمرجنسی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ متعلقہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ ادھر محکمہ صحت نے محکمہ داخلہ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے قائم کنٹرول روم میں ڈاکٹروں سمیت 9 اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی ہے، ڈاکٹر مصور، ڈاکٹر امان، ڈاکٹر سردار ہلال،شیر اصغر، مسلم جان، ظفر، کامران، حسیب اور قاسم کنٹرول روم میں فرائض انجام دیں گے۔