• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بھارتی کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت یقینی بنانے کا خواہاں

کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت یقینی بنانے کا خواہاں ہے، ٹورنامنٹ میں بھارت کے تمام میچ لاہور میں رکھے گئے تھے لیکن غیر ملکی براڈ کاسٹر کی تجویز پر بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ پنڈی اسٹیڈیم منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ یہ میچ دو مارچ کو طے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے بھارتی براڈ کاسٹر کی جانب سے ایک تجویز یہ آئی ہے کہ بھارت کا ایک میچ لاہور کے بجائے راولپنڈی میں کرایا جائے ۔جسے مان لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے ملٹی پل ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی ، میچ کھیل کر وطن واپس جانے کی پیشکش اور چارٹرڈ فلائٹ سمیت تمام آپشن کھلے رکھے ہیں۔ تاہم بھارتی حکومت یا کرکٹ بورڈ نے ٹیم بھیجنے کا تاحال اعلان نہیں کیا ہے۔ دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس 21 اکتوبر تک جاری رہے گا جس میں چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حتمی اعلان سامنے آئے گا۔ اجلاس میں پی سی بی حکام ایونٹ کی تیاریوں اور تعمیراتی کام پر بھی بریفنگ دیں گے ۔ دیگر بورڈز کا بیان بھی اہمیت کا حامل ہوگا۔ پی سی بی نے دعوی کیا ہے کہ تعمیراتی کام31دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم2008کے بعد سے پاکستان نہیں آئی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے مجوزہ شیڈول کے مطابق 20فروری کو بھارت اور بنگلہ دیش جبکہ 23فروری کو پاکستان بھارت میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق رہائش کیلئے دہلی یا موہالی ، چندی گڑھ رہنے کا آپشن سیکیورٹی خدشات کے باعث دیا گیا ہے۔ ان کی لاہور یا پنڈی سے فلائٹ ایک گھنٹے سے بھی کم ہے۔

اسپورٹس سے مزید