• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراشوٹرز ورکرز کی قربانیوں کو نظرانداز کررہے ہیں ، لیگ ن نظریاتی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان (نظریاتی) کے رہنما جہانگیر خان خروٹی اور کوئٹہ سٹی کے صدر نصیر خان ترین نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت پارٹی میں نظریاتی کارکنوں اور قربانی دینے والوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ، اگر کارکنوں کے جائز مسائل حل نہ کئے گئے تو 2 نومبر کو گورنر ہاؤس کا گھیراؤکریں گے ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی دن رات محنت کی بدولت مسلم لیگ (ن) کامیابی کے بعد اقتدار میں آئی لیکن اب کارکنوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں مل رہا ۔ بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت کو بنے 8 ماہ کا عرصہ گزرچکا ہے لیکن صوبائی قیادت نے پارٹی کا ایک بھی اجلاس نہیں بلایا جس کی وجہ سے پارٹی ورکرز کے لئے شناخت کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے،پارٹی میں پیراشوٹرز داخل ہوچکے ہیں جو پارٹی ورکرز کی قربانیوں کو نظرانداز کررہے ہیں ۔ پارٹی کے بے روزگار کارکن ملازمتوں کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جبکہ ملازمتیں سرعام فروخت ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سٹی کے فنڈز دوسرے اضلاع میں استعمال ہورہے ہیں جس سے پارٹی کی بدنامی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت صوبے میں پارٹی کا شیرازہ بکھرنے سے بچائے اور نظریاتی کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کی مرکزی قیادت نے بلوچستان میں نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کرنے کا نوٹس نہ لیا تو صوبے میں پارٹی کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہوگا ۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت نے بلوچستان میں کارکنوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس نہ لیا تو 2 نومبرکو کو گورنر ہاؤس کا گھیراو کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید