• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام مسائل کے حل کیلئے وسائل بروئے کارلائینگے، پرنس آغا عمر احمد زئی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے ایم پی اے پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ، عوام نے عام انتخابات میں جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے ، یہ بات انہوں نے حلقہ پی بی 46 کے مسائل کے حوالے سے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، کھلی کچہری میں واسا ، صحت ، سوئی سدرن گیس کمپنی ، کیسکو ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن ، واسا ، ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی ، کھلی کچہری میں شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے ۔ اس موقع پر پرنس آغا عمر جان احمد زئی نے کہا کہ کھلی کچہری میں عوام نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے متعلقہ محکمے ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ عوام نے ہم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی میں بھیجا ہے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام کے مسائل کو اپنے مسائل سمجھتا ہوں جن کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔عوام کے لئے ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں عوام کسی بھی مسئلے کی صورت میں براہ راست مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید