کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے کرکٹ ٹیسٹ کے آغاز سے قبل پچ کے بارے میں متضاد باتیں کی جارہی ہیں۔ وکٹ کی پراسرایت برقرار ہے، ایسے میں انگلینڈ نے بھی اسپن پر انحصار کا فیصلہ کرتے ہوئے جیک لیچ اور شعیب بشیر کی موجودگی میں تیسرے اسپنر ریحان احمد کو بھی فیصلہ کن میچ کی الیون میں شامل کیا ہے، فاسٹ بولر گس ایٹکنسن کی بھی واپسی ہوئی ہے ۔ ادھر پاکستانی فاسٹ بولر میر حمزہ کولہے میں تکلیف کے باعث ٹیسٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں کمر کے نچلے حصے میں درد ہو رہا ہے۔ انہوں نے دونوں پریکٹس سیشنز میں حصہ نہیں لیا ۔ توقع ہے کہ پاکستان اپنی اسی ٹیم کو برقرار رکھے گا جس نے ملتان میں دوسرا ٹیسٹ152رنز سے جیتا تھا ۔ لیگ اسپنر زاہد محمود کی جگہ محمد علی کو کھلانے کے امکانات کم ہیں۔ تیسرا ٹیسٹ پنڈی اسٹیڈیم میں جمعرات سے شروع ہوگا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ انگلینڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں ۔ فاسٹ بولر برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس کی جگہ گس ایٹکنسن اور اسپنر ریحان احمد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ انگلینڈ ایک فاسٹ بولر کے ساتھ کھیلے گا جبکہ کپتان بین اسٹوکس دوسرے فاسٹ بولر ہوں گے۔ پاکستانی نژادریحان نے دو سال قبل پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور 48 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی میچ میں فتح اور سیریز میں کلین سوئپ فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس متعلق انگلش بیٹر ہیری بروک نے کہا کہ پچ پر ہیٹرز اور پنکھے لگے ہیں، ہر کوئی جاکر وکٹ دیکھ رہا ہے اور الگ الگ باتیں کررہا ہے۔ یہ عام پاکستانی وکٹ جیسی لگ رہی ہے جو ابتدائی چند دن بیٹنگ کیلئے معاون ہو گی ، بعد میں گیند ٹرن ہو گی۔ یہ وہی میدان ہے جس پر دو سال قبل انگلینڈ نے صرف 101 اوورز میں 657 رنز اسکورکرتے ہوئے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن ہیری بروک کا ماننا ہے کہ یہ وکٹ دو سال پہلے کے مقابلے میں مختلف نظر آ رہی ہے۔ میچ کے لیے انگلش ٹیم بین اسٹوکس(کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکیٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ ،گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر پر مشتمل ہوگی۔