کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رکن کور کمیٹی تحریک انصاف شعیب شاہین نے کہا ہے کہ جسٹس یحییٰ کی ذات سے ہمیں کوئی اختلاف نہیں ہے وہ زبردست جج ہیں لیکن تیسرے نمبر پر ہیں جو چیف جسٹس بننے کا حق ہے وہ سنیئر ترین کا ہے،جے یو آئی کے رہنما کامران مرتضیٰ نے کہا کہ جے یو آئی جسٹس یحییٰ کو قبول کرتی ہے اور وہ سب کے چیف جسٹس ہیں،تجزیہ کار و اینکر عاصمہ شیرازی نے کہا کہ حکومت اس وقت ہلکے سے سکون میں ہے تحریک انصاف کافی مایوس ہے۔رکن کور کمیٹی تحریک انصاف شعیب شاہین نے کہا کہ بطور وکیل یا پارٹی رہنما دونوں میں ہمارا یہ متفقہ مطالبہ ہے ہم کہتے ہیں کہ یہ نظام انصاف پر حملہ ہے۔ پارلیما ن کے ذریعے اگر آپ نے ججز کو تعینات کرنا ہے تو آپ نے ایک امید پیدا کردی کہ جو حکومت کی طرف دیکھے گا اس کے حق میں فیصلہ کرے گا وہ چیف جسٹس بن سکتا ہے۔جسٹس یحییٰ کی ذات سے ہمیں کوئی اختلاف نہیں ہے وہ زبردست جج ہیں لیکن تیسرے نمبر پر ہیں جو چیف جسٹس بننے کا حق ہے وہ سنیئر ترین کا ہے۔ اس وقت ان کا چیف جسٹس بننا درست نہیں ہے۔