کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایم 6موٹروے حیدرآباد سے سکھر تک نہیں بلکہ کراچی سے سکھر براستہ حیدرآباد تعمیر کیا جائیگا، وفاق اور سندھ نے نجی اور سرکاری شعبے کی شراکت داری سے کراچی تا سکھر ایم 6 موٹروے کی تعمیر پر اتفاق کرلیا ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کے درمیان وزیراعلی ہاؤس میں اجلاس کے دوران اتفاق کیا گیا کہ ایم 6موٹروے کراچی سے سکھر براستہ حیدرآباد تعمیر کیا جائیگا۔ دونوں نے موٹروے کی تعمیر نجی اور سرکاری شعبے کی شراکت یا وفاقی اور صوبائی کنسورشیم کے ذریعے کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان کی ٹیم امکانات اور تعمیر کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔ یہ اتفاق رائے دونوں رہنماں کے درمیان جمعرات کو وزیراعلی ہاس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ سکھر حیدرآباد موٹروے 306کلومیٹر طویل اور رویہ پر مشتمل ہوگا۔ موٹروے حیدرآباد سے شروع ہوگا اور نارو کینال پر ختم ہوگا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر تجویز دی کہ ایم 6موٹروے حیدرآباد تا سکھر کی بجائے کراچی تا سکھر براستہ حیدرآباد بنایا جائے تاکہ بندرگاہ کی ٹریفک کو بھی سہولت مل سکے۔