کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سربراہ تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی ہدایت پر تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ کے زیراہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور بدترین دہشتگرد نیتن یاہو کی غزہ میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے امیر حاجی طارق محمود عباسی ، ناظم اعلیٰ حاجی محمد ظریف رضوی ، علامہ عبدالحمید امجدی ، ڈاکٹر میر ظاہر خان لانگو ، ذولفقارعلی قادری طارقی ، ڈاکٹر مزمل طارقی ، علامہ پیر محمد ، فہیم سلطانی ، حاجی عبدالواجد نیچاری ، محمد سلیم بٹ دیگر موجود تھے۔ مقررین نے مظاہرئے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان غزہ میں اسرائیل اور دہشت گرد نیتن یاہو کی بدترین دہشت گردی اور فلسطینیوں کی نسل کشی جیسے جرائم کبھی پر خاموشی اختیار نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ غیرت مند اور دلیر فلسطینیوں کو اپنی سرزمین کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے ،فلسطینی عوام کی اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ،غزہ میں دس ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،فلسطینی مسلمان امت مسلمہ کے چہرے کی حیثیت رکھتے ہیں مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے گستاخ کے حامیوں کی حمایت کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ، حکومت سندھ نے اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ناموس رسالت مارچ میں ہمارا لائحہ عمل انتہائی سخت ہوگا ۔ مقررین نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان نے ہمیشہ دین کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتی رہے گی ، کسی کو بھی اسلام مخالف اقدام کرنے کی اجازت نہیں دینگے ، ختم نبوت پر پہرہ دینا اور ناموسِ رسالت کا دفاع کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔