راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 125 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جس سے رواں سال ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 تک جا پہنچی ۔ اس وقت شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر آگئی ہے۔ نظیر بھٹو ہسپتال میں 81، راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال میں 61، فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال میں 41، ہولی فیملی ہسپتال میں 26جبکہ مختلف پرائیویٹ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد 51 ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 260 مریض مختلف ہسپتالوں میں لائے گئے۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق رواں سال ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 4080 سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری طرف محکمہ صحت اور مختلف محکموں کی جانب سے ایس او پیز کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں جاری ہیں۔ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر 3180 چالان ،1700 سے زائد عمارتوں کو سیل اور تقریباً پانچ ہزار ایف ائی ار کا اندراج ہوا جبکہ دو کروڑ 82 لاکھ 6500 روپے جرمانے کئے گئے۔ادھر راولپنڈی کے شہریوں نے ڈینگی مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مچھروں کی تلفی کیلئے سپرے نہیں کروایا جاتا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گلی محلوں اور گھروں کے اندر فوری طور پر سپرے کروایا جائے۔