کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے دن کراچی بلوز نے کوئٹہ کو9 وکٹ جبکہ اسلام آباد نے ایبٹ آباد کو 326 رنز سے ہرادیا۔ شیخوپورہ میں کراچی بلوز کو 203 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ خواجہ محمد نافع نے 103 اورعبداللہ فضل نے 82 رنز اسکور کیے ۔ اسلام آباد میں ایبٹ آباد کو اسلام آباد کے خلاف 437 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 110 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ موسیٰ خان نے 5 وکٹیں لیں ۔اس سے قبل اسلام آباد نے اپنی دوسری اننگز میں 419 رنز7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ فیضان ریاض نے 156 اور سرمد بھٹی نے 135 رنز اسکور کیے ۔ چارسدہ میں کراچی وائٹس کی ٹیم پشاور کے 546 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 466 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ خرم منظور نے 179 ، عثمان خان 93 اور غازی غوری 75رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پشاور نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 10 رنز بنائے تھے۔ راولپنڈی میں راولپنڈی کی ٹیم ملتان کے256 رنز کے جواب میں 529 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ملتان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 282 رنز بنائے تھے۔ امام الحق نے 159 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد میں فیصل آباد کی ٹیم لاہور وائٹس کے خلاف فالوآن کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 301 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ 119 کے ہدف کے تعاقب میں لاہور وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر دو وکٹوں پر 45 رنز بنائے تھے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں بہاولپور کو آزاد جموں کشمیر کے خلاف 202 رنز کا ہدف ملا ۔ اس نے دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر 79 رنز بنائے تھے۔ آزاد جموں کشمیر کی ٹیم دوسری اننگز میں 192 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ گلفام عزیز نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ گوجرانوالہ میں سیالکوٹ نے فاٹا کے 391 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 6وکٹوں پر 478 رنز بنائے ۔ عبدالرحمن 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محسن ریاض 181 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ لاہور میں لاہور بلوز کو ڈیرہ مراد جمالی نے 320 رنز کا ٹارگیٹ دیا۔ اس نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 72 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم دوسری اننگز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسلام آباد میں حیدرآباد کی ٹیم لاڑکانہ کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ محمد سلیمان نے 112 رنز اسکور کیے۔