• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ حسینہ کے قریبی نے 17 ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کئے، گورنر بنگلادیش بینک

ڈھاکا(اے پی پی) بنگلا دیش بینک کے گورنر احسن ایچ منصور نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ سے قریبی تعلقات رکھنےوالی ممتاز کاروباری شخصیات پر ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ ملی بھگت سے بینکنگ سیکٹر سے 17 بلین ڈالر خورد برد کر نے اور انہیں بیرون ملک منتقل کرنے کا الزام عائد کیا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ ان رقوم کی واپسی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ پیر کو برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں شائع انٹرویو میں بنگلہ دیش بینک کے گورنر نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس ( ڈی جی ایف آئی)نے بڑے بینکوں کے زبردستی ٹیک اوور میں اہم کردار ادا کیا اور درآمدی انوائسز اور مذکورہ بینکوں کے شیئر ہولڈرز کو سیلف لینڈنگ جیسے ہتھکنڈوں کے ذریعے تقریباً دو لاکھ کروڑ ٹکے ( 16.7 ارب ڈالر) کی خطیر رقم ملک سے باہر منتقل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق بینکوں کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ لوٹ مار ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، اس لوٹ مار میں جولوگ شامل ہیں ان میں ایس عالم گروپ کے بانی چیئرمین محمد سیف عالم بھی ہیں جنہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈی جی ایف آئی کے ساتھ بینکوں پر اپنے نئے حاصل کردہ کنٹرول کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے بینکنگ سسٹم سے کم از کم 10بلین ڈالر کو ری ڈائریکٹ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اہم بینکوں کے بورڈ ممبران کودبائو اور دھمکی سے اپنے حصص سیف عالم جیسی شخصیات کو بیچنے پر مجبور کیا گیا ۔

دنیا بھر سے سے مزید