کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلئے نئی امریکی تجویز سامنے آگئی، سی آئی اے کے سربراہ نے 8اسرائیلی قیدیوں کے بدلے درجنوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور 28 روزہ جنگ بندی کی تجویز دی ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بیل بیرنز نے اتوار کے روز اپنے اسرائیلی اور قطری ہم منصب کے ساتھ نئے فارمولے پر بات چیت کی۔ اس فارمولے کے تحت تجویز پیش کی گئی ہے کہ 28 روز کی مدت کے لئے جنگ بندی عمل میں لائی جائے، اس کے ساتھ حماس 8اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے اور اس کے بدلے اسرائیل درجنوں فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرے۔ یہ بات انگریزی ویب سائٹ axios نے منگل کے روز اسرائیلی ذمہ داران کے حوالے سے بتائی۔ تاہم اس فارمولے میں حماس کا مرکزی مطالبہ شامل نہیں جس پر وہ گذشتہ مہینوں کے دوران قائم ہے۔ وہ مطالبہ غزہ کی پٹی سے اسرائیل کا مکمل انخلا اور جنگ کا خاتمہ ہے۔