اسلام آباد (نمائندہ جنگ،اے پی پی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ولنٹینا متوینکو کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے باہمی مفاد میں تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران صدر زرداری نے کہا کہ روس اور پاکستان میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں، روسی فیڈرل کونسل کی سپیکر کی قیادت میں وفد کی ملاقات،زرداری کی برکس کا رکن بننے کیلئے حمایت کی درخواست،، پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں،دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ صدر مملکت نے برکس کا رکن بننے کیلئے روس کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی ، فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے ذریعے علاقائی روابط، تجارتی تعلقات، اقتصادی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ولنٹینا متوینکو نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتا ہے، معزز مہمان نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہارکیا۔