کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان طبی کانفرنس کے صوبائی صدر حکیم عبدالکریم ناصر ، مرکزی نائب صدر وفاق الاطباء پاکستان پروفیسر حکیم جعفر علی عباسی اور حکیم فضل الرحمٰن آزاد نےنیشنل کونسل فار طب اور نیشنل کونسل فار ہومیوپیتھی کے مجوزہ انضمام کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان سے طب یونانی اور ہومیوپیتھک طرز علاج کے خاتمہ کی ناکام کوشش ہے ،حکومتی امداد کے بغیر چلنے والی دونوں کونسلز کو ختم کرنے کا اقدام کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ انضمام کی کوششوں پر ملک بھر کے اطباء اور ہومیوپیتھ میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے ، ہم اس ناروا اقدام کی بھر پور مخالفت کرتے ہیں مذکورہ دونوں کونسلز کا وجود ہمارے لئے انتہائی ضروری ہے ان کے طریقہ علاج کو روکنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں کونسلز سے رجسٹرڈ ڈھائی لاکھ سے زائد اطباء اور ہومیوپیتھ جو اپنے نمائندوں کو الیکشن کے ذریعے منتخب کرتے ہیں وفاقی وزارت صحت کے حکام دراصل ان شعبوں کو اپنے زیر اثر رکھنے اور سلیکشن کے طریقہ کار کو رائج کرنے کے لئے دونوں کونسلز کے انضمام کے لئے ناکام کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے صدر ، وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مجوزہ فیصلہ واپس لیا جائے۔