اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک دن میں دو بینکوں میں ڈاکے پڑگئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ منگل کو تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے جی نائن فور پشاور موڑ پر واقع نیشنل بینک کے سکیورٹی گارڈز پر ایک مسلح موٹر سائیکل سوار نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر تین سکیورٹی گارڈز ضیاء الحق، سلیم اللہ اور قاسم شاہ زخمی ہوگئے جبکہ بینک کے قریب واقع ہوٹل کے تین ملازمین بھی فائرنگ سے زخمی ہوگئے جن میں سے میر حیدر جاں بحق اور دو دیگر ملازم نذیراللہ اور ندیم زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدوں کے مطابق ملزم نے بائیکیا کا ہیلمٹ پہنا ہوا تھا اور اس نے کلاشنکوف سے بینک کے گارڈز اور اردگرد کے علاقہ میں اندھا دھند فائرنگ کی اور بینک سے پیسوں کا بھرا بیگ لیکر فرار ہوگیا۔ تھانہ سمبل کے علاقے جی 14 میں نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے الائیڈ بینک کے فضل شاہد نامی سکیورٹی گارڈ کو زخمی کر دیا اور بینک سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پچیس سے تیس لاکھ روپے بینک کے باقی بچنے والی کیش میں کم نکلے ہیں تاہم ابھی بینک میں پڑی رقم کی بھی گنتی کا عمل جاری تھا