راولپنڈی، کہوٹہ (خصوصی نمائندہ، نمائندہ جنگ )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ڈھوک حسو راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور امتحان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کی تعلیم ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ خواتین کی تعلیم سے ملک ترقی کرے گا۔کالج پرنسپل پروفیسر شازیہ جیلانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ دریں اثناءگورنر پنجاب نے غلام ربانی قریشی ویلفیئر فاؤنڈیشن کہوٹہ کی سالانہ تقریب میں بھی بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحثیت اتحادی حکومت پر مثبت تنقید کا مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ مجھے پتہ ہے عوام مہنگائی کی وجہ سے کتنی مشکل صورتحال میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کو پرائیویٹ نہیں کرنا چاہیے۔ ضلع اٹک میں تحصیل ہسپتال پنڈی گھیب میں ڈائیلاسز سنٹر جلد قائم کر دیا جائے گا۔تقریب میں سابق وفاقی وزیر مہرین انور راجہ، سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔