راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی ڈویژن کےتمام سرکاری محکموں کے سربراہوں سے نکمے، نااہل اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کاڈیٹا طلب کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (جنرل)راولپنڈی ڈویژن کی طرف سے ڈپٹی کمشنرز،آرڈی اے،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، فوڈ اتھارٹی،اوقاف،ایکسائز،سرکاری ہسپتالوں سمیت 52مختلف سرکاری محکموں کو بھجوائے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ 22اکتوبرکو ڈویژنل کوارڈنیشن کمیٹی نے محکموں کے سربراہوں کو کارروائی کی ہدایت کی تھی۔مراسلہ کے ساتھ تمام محکموں سے پنشن،اقلیتی کوٹہ اور انضباطی کارروائیوں کی تفصیلات فراہمی کیلئے باقاعدہ پرتین فارمےبھی بھجوائے گئے ہیں۔ ادھر کمشنر آفس میں ڈویژنل کوارڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ ایسے اہلکار یا افسران جو عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تنگ کرنے اور معمولی فائدے کے لئے ادارے کا نام بدنام کرنے کا باعث بن رہے ہیں کی لسٹیں مرتب کرنے کا ٹاسک ڈپٹی کمشنرز و ڈویژنل ہیڈز کو سونپا جا چکا ہے۔ دو ہفتوں میں ایسی تمام کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوامی فلاح اور سہولت کے لئے بنائے گئے یہ سرکاری محکمے صحیح معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کر یں۔