اسلام آباد(محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار)27ویں آئینی ترمیم سے "خوفزدہ" سابق وزیراعظم چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی غیر معمولی پارلیمانی مصروفیات کے باعث دو ماہ سے اپنے نومولود پوتے سے پہلی "ملاقات " نہیں کرسکے،" اپنے پوتوں کی کل تعداد نہیں بتاوں گا لیکن ہر بیٹے کے دو،دو بیٹے ہو گئے ہیں" استفسار پر لطیف پیرائے میں یوسف رضا گیلانی کا جواب،چیئرمین سینیٹ کے چار بیٹوں میں تین جڑواں ہیں ایک بیٹا پنجاب اسمبلی کا ، تین صاحبزادے قومی اسمبلی کے رکن ہیں ،گیلانی آٹھویں پوتے سے ملنے جلد لندن جا سکتے ہیں،آئین کی 27ویں ترمیم سے ’’خوفزدہ‘‘ سابق وزیراعظم سینیٹ کے چیئرمین سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی 26ویں ترمیم کی بے پناہ مصروفیات اور دارلحکومت کی گہما گہمیوں کے باعث اپنے آٹھویں پوتے سے ملاقا ت نہیں کرسکے جو اپنی عمر عزیز کے تیسرے مہینے میں داخل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے جنگ/دی نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے قاسم کی اہلیہ کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے جسے وہ دو ماہ سے زیادہ عرصہ ہوجانے کے باوجود دیکھ نہ سکے ۔ چار بیٹوں کے والد سیدیوسف رضا گیلانی سے دریافت کیا گیا کہ وہ کتنے بچوں کے دادا بن چکے ہیں تو انہوں نے بتایا کہ مجموعی تعداد کا علم نہیں تاہم سب کے دو دو بیٹے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ تعداد دریافت نہ کریں یہ امر کافی دلچسپ ہے کہ سید یوسف رضا کے تین بیٹے جڑواں ہیں یہ تینوں قومی اور پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں اسی طرح ان کے بڑے صاحبزادے عبدالقادر گیلانی قومی اسمبلی کے رکن ہیں ۔