کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماضی کے عظیم کھلاڑی وسیم اکرم نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت سے اچھے اشارے مل رہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی پیشکشیں کی ہیں، بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے۔ جمعرات کو میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بہت مداح ہیں، پاکستان آکر انجوائے کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سوشل میڈیا بیان فخر نے نہیں لکھا، جس نے بھی لکھا ہے اسے بتانا چاہیے تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی وجہ سے مسئلہ ہو سکتا ہے۔ محسن نقوی کرکٹ کیلئے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، مجھے کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن میں 9 سے 5 جاب کرنے والا بندہ نہیں ہوں۔ محمد رضوان کو کپتانی کا تجربہ ہے، وہ بس کھیل پر توجہ دیں۔ ہوم ایڈوانٹیج کے لیے پچز بنانے پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی بہت ہیں ۔شاہین آفریدی اور نسیم شاہ سمیت دیگر کرکٹرز کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں۔ سوشل میڈیا کو چھوڑ دیں، بابر اعظم کو بھی کپتانی بھول جانی چاہیے، رنز اسکور کریں۔ آسٹریلیا میں پاکستان کی سیریز آسان نہیں ہو گی، ایک بھی ون ڈے جیتا بڑی کامیابی ہوگی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز اچھی ہوگی۔