کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے دن فاٹا کے شاہد عزیز کی سات وکٹیں، کراچی بلوز کے محمد طحہ اور ملتان کے عزیر ممتاز کی سنچریوں نے شہ سرخیوں میں جگہ بنالی ۔ جمعہ کو لاہور میں کراچی بلوز 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد طحٰہ نے 123 رنز بنائے۔ لاہور بلوز نے جواب میں ایک وکٹ پر 4 رنز بنائے تھے۔ چارسدہ میں ملتان کی ٹیم 260 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔عزیرممتاز نے 115 ،شرون سراج نے71 رنز بنائے محمد اصغر نے 5 شکار کیے۔ کراچی وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر 24 رنز بنائے تھے۔ شیخوپورہ میں ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم 170 پر ڈھیر ہوئی ۔ شاہد عزیز نے صرف 24 رنز دے کر7 وکٹیں حاصل کیں۔ فاٹا نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ پر 73 رنز بنائے تھے۔ ملتان میں کوئٹہ 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سیالکوٹ نے بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنالیے تھے۔ اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے فیصل آباد کے خلاف 6 وکٹوں پر302 رنز بنائے ۔ راولپنڈی میں آزاد جموں کشمیر کی ٹیم صرف82 پر فارغ ہوگئی۔راولپنڈی نے کھیل ختم ہونے پر پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 139 رنز بنائے تھے۔ اسلام آباد میں لاہور وائٹس 219 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ حیدرآباد نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 139 رنز بنائے تھے۔