پشاور(جنگ نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کے ہمراہ ضلع بنوں کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پچھلے دنوں بنوں پولیس لائنز پر 5 برقعہ پوش دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے والے پولیس افسران و جوانان کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر بنوں پولیس کے افسران و جوانان سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بنوں پولیس نے ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ہر آزمائش کی گھڑی میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے فرائض سرانجام دیئے ہیںاور کہا کہ بنوں پولیس لائنز حملے کو پسپا کرنے میں جوانوں نے جس دلیری اور بہادری کا مظاہرہ کیا اس سے پوری پولیس فورس کی قدر و منزلت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ آئی جی پی نے انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ ہر وقت چوکس اور مستعد رہیں اور شرپسندوں کے ہر قسم کے حربوں سے ہوشیار رہیں۔ اور اْمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی دہشت گردوں کے اسی طرح کے ناپاک عزائم کو آہنی ہاتھوں سے بروقت ناکام بنائیں۔دریں اثناء آئی جی پی اختر حیات خان اور چیف سیکرٹری ندیم اسلم چودھری نے آج میران شاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پچھلے دنوں خود کش حملے میں شہید ہونے والے چار پولیس اہلکاروں کے خاندان سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور شہدا ء کے بلند درجات کیلئے دعا مانگی۔