کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان شہاب علی خان نے کہا ہے کہ بم دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر چھوڑ نہ رکھی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر)سعد بن اسد اور اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) عبداللہ بن عارف کے ہمراہ سول ہسپتال ٹراما سینٹر کوئٹہ میں مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم ڈی ٹراما سینٹر ارباب کامران نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو زخمیوں کے علاج و معالجہ اور دیگر سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلوچستان نے کہاکہ حکومت زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرے گی انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔