کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)تحصیلدار ایسوسی ایشن نے تحصیلدار خضدار کو لینڈ مافیا کی جانب سے دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر صوبہ بھر میں محکمہ مال کا پہہ جام کر دیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار تحصیلدار ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر نسیم خان کاکڑ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔تحصیلدار خضدار ثنااللہ ایک مخلص اور نوجوان کمیشن آفیسر ہیں گزشتہ روز ناجائز کا م نہ کرنے پرلینڈ مافیا کی جانب سے ان کے دفتر میں گھس کر بدتمیزی کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاںدی گئیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آئے روز صوبے میں تحصیلداروں اور پٹواریوں کو لینڈ مافیا کی جانب سے دھمکیوں کا نہ رکنے والا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کئی بار چیف سیکرٹری اور حکومت کو آگاہ کیا گیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی انہوں نے کہا کہ لینڈمافیا اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرکے لوگوں کی زمینوں کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے اس عمل میں تحصیلدار ایسوسی ایشن لینڈ مافیا کا آلہ کار نہیں بنے گی تحصیلدار ایسوسی ایشن اپنا تحفظ کرنا جانتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تحصیلدار خضدار ثنااللہ کو دھمکیاں دینے والے لینڈ مافیا کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے۔