کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو افسر بلوچستان ہیلتھ کارڈ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کے پینل پرموجود اسپتالوں میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، بلوچستان ہیلتھ کارڈ سے ایک سال کے دوران 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد استفادہ کرچکے ہیں ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی ، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی ہدایت پر فاطمہ جناح ٓسپتال میں مریضوں کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولیات کی فراہمی کو تیز کرنے کے حوالے سے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ دورے کے موقع پر چیف ایگزیکٹو افسر ہیلتھ کارڈ بلوچستان ڈاکٹرسمیع اللہ کاکڑ اور ان کی ٹیم کو پروفیسر ڈاکٹر شیرین خان نے اسپتال میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی طور پرآگاہ کیا ۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ فاطمہ جناح اسپتال میں ہیلتھ سروسز کا معیار بہت بہتر ہے ، پروفیسر ڈاکٹر شیرین خان کی نگرانی میں کنسلٹنٹس موثر طریقے سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔