راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے )تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی کال پریوم یکجہتی مظلومین منایا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام اور خطباء حضرات نے جمعہ کے اجتماعات کے دوران خطبات میں اسرائیلی جارحیت وبھارتی جبرواستبداداورمظالم پرقوام متحدہ، اوآئی سی اوردیگرعالمی اداروں کی خاموشی کولمحہ فکریہ قراردیا۔ ٹی این ایف جے کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے جامع مسجد اہلبیت میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی جارحیت و بربریت پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے؟مسلم امہ کی قیادتیں باہم سر جوڑ کر بیٹھیں،او آئی سی کو فعال بنا کر مسلمانوں کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہاکہ کرم ایجنسی میں بدامنی،دہشت گرد ی لمحہ فکریہ ہے، پاراچنار کے عوام کو سرحد پار دہشت گردوں سے بچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ٹی این ایف جے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ بشارت حسین امامی نے کہاکہ وطن عزیزکو بانیان پاکستان کے نظریہ سے نہیں ہٹنے دیں گے۔