• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ ثقافتی رعنائیاں بکھیرتے ہوئے اختتام پذیر

فوٹو بشکریہ آرٹس کونسل
فوٹو بشکریہ آرٹس کونسل 

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، جنگ اور جیو کے اشتراک سے منعقدہ 38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ ثقافتی رعنائیاں بکھیرتے ہوئے اختتام پذیر ہوگیا۔

فیسٹیول کی اختتامی تقریب وائی ایم سے اے میں منعقد کی گئی، اختتامی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔

تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، معروف گلوکار عاصم اظہر، اختر چنال اور معروف شاعر تہذیب حافی سمیت ملکی اور غیر ملکی فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ نوجوانوں سے کہوں گا کہ ملک کو چھوڑ کر نہ جائیں۔

انکا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل کراچی اور احمد شاہ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اتنا بڑا فیسٹیول کامیابی سے منعقد کیا۔ احمد شاہ صاحب بہادر آدمی ہیں، احمد شاہ صاحب کی محنت رنگ لائی۔

انور مقصود نے کہا کہ 38 دن کے اتنے بڑے فیسٹیول کا انعقاد صرف احمد شاہ ہی کر سکتے ہیں۔ اتنے سارے غیر ملکی فنکاروں کو ایک جگہ باحفاظت جمع کرنا یہ احمد شاہ ہی کر سکتا ہے۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ فیسٹیول میری اور میری ٹیم کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے۔ میرا مقصد پاکستان اور اس کا جھنڈا ہے۔ امیر سے امیر ہو یا غریب سے غریب تر، سب کو آرٹس کونسل میں ایک جیسی عزت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے نوجوانوں کےلیے کام کرنا چاہتا ہوں۔ میں مڈل کلاس کا آدمی ہوں، میں نے ایک کچرا کنڈی کو دنیا کا بڑا اداراہ صرف آپ نوجوانوں کے لیے بنایا ہے، آرٹس کونسل میں جتنا ثقافتی انقلاب آیا اس میں سندھ گورنمنٹ نے پورا ساتھ دیا۔

محمد احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کہتے تھے کہ یہ دہشت گرد ملک ہے، آپ لوگ دہشت گرد نہیں ہو، اس ملک کو بچانا بھی ہم نے ہے۔ تم سارے نوجوان میرے ساتھ جڑے ہوئے ہو، کراچی میں دھرنے احتجاج چل رہے تھے اس کے باوجود یہ فیسٹیول سندھ حکومت کے تعاون سے ممکن ہو پایا۔ جب ایئر پورٹ پر دھماکا ہوا تو ہم اپنے 20 غیرملکی فنکاروں کو پیچھے کے راستے سے محفوظ طریقے سے لے کر آئے۔

چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ اتنے بڑے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر انور مقصود، احمد شاہ اور میرے تمام افسران کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انکا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول میں ناصرف بین الاقوامی بلکہ ملکی فنکاروں کا بھی خیال رکھا گیا۔ میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں آج انور مقصود کے ساتھ یہاں موجود ہوں۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے آخری روز آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی کارکردگی پر بنائی گئی شو ریل پیش کی گئی۔ تقریب میں معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود نے مزاح سے بھر پور گفتگو سے شائقین کو خوب ہنسایا جبکہ میگا کنسرٹ میں گلوکار عاصم اظہر، اختر چنال، ارمان رحیم، مصطفیٰ بلوچ، منیب خان اور سمیر حمزہ نے شائقین کو جھومنے پر مجبور کیا تو دوسری جانب معروف شاعر تہذیب حافی نے شرکاء سے داد سمیٹی۔

تقریب میں معروف فوک گلوکار اختر چنال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ معروف گلوکار عاصم اظہر، آذربائیجان کے دادش مامیدوو، محمد علسوی(مصر) ، مدن گوپال(نیپال)، The Arnold & Komarov ٹریولنگ تھیٹر (سوئٹزرلینڈ)، چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ، ڈی آئی جی ساؤتھ زون سید اسد رضا، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کیپٹن (ر) الطاف ایچ سائرو کو بہترین پرفارمنس پر شیلڈ پیش کی گئی۔

تقریب کے آخر میں بڑے پیمانے پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، اختتامی تقریب کی نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید