• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ٹیم پاکستان آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے تیار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل کی سیریز ہے۔پہلا میچ پیر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ہفتے کو ایم سی جی میں پاکستان ٹیم نےدوسرے روز بھی بھرپور ٹریننگ کی۔محمد رضوان کی قیادت میں کھلاڑیوں نے بھرپور فیلڈنگ ڈرلز کیں۔نیٹ پریکٹس میں قومی بیٹرزنے زیادہ تر فاسٹ بولروں کا سامنا کیا۔پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نائب کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک سال بعد ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں، ہم بس یہ دیکھ رہے ہیں کہ کٹ کا رنگ بدلا ہے، بیٹ اور بال وہی ہے، نارمل رہتے ہوئے اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم کا ہر رکن آسٹریلیا سے سیریز کے لیے پُرجوش اور یہاں اچھا کرنے کا خواہشمند ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز اور ٹیم کو دیکھ کر پلان بنایا ہے، کوشش ہو گی اس پر پورا عمل کریں۔ ابھی 2 دن ہوئے ہیں، پلیئنگ الیون پر بات نہیں ہوئی، جیسن گلیسپی کو یہاں کی کنڈیشنز معلوم ہیں جس سے ہم مستفید ہو رہے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں وقت ہے، ہماری توجہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیس اٹیک بہت زبردست ہے، ہمارے فاسٹ بولرز میں 140 کی رفتار سے بولنگ کی صلاحیت ہے۔سلمان آغانے کہا کہ بابر، شاہین اور نسیم کو ڈراپ نہیں آرام دیا گیا تھا جس کی ضرورت تھی، مسلسل کرکٹ کے بعد ان کے لیے آرام ضروری تھا، اب یہ کافی فریش محسوس کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ یہ تینوں آسٹریلیا سے سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے، بابر اعظم کو گیم میں انوالوو رہنے کی عادت ہے، وہ کپتان نہ ہو کر بھی رائے دیتے ہیں۔اتوار کو پاکستانی ٹیم مقامی وقت کے مطابق دو بجے پریکٹس کرے گی ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کل مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر تیس منٹ پر پریس کانفرنس کریں گے۔