کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیوزی لینڈ نے تین ٹیسٹ کی سیریز کلین سوئپ کرکے بھارت کو غرور ان کے گھر میں خاک میں ملادیا۔ کیویز نے بنگلورو اور پونے کے بعد ممبئی میں تیسرا اور آخری ٹیسٹ جیت کر بھارت کے خلاف پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا اور تاریخ رقم کر دی۔ بھارت کو 1999 میں جنوبی افریقا کے شکست کے بعد پہلی بار ہوم سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اتوار کو نیوزی لینڈ نے تیسرا ٹیسٹ 25 رنز سے جیت کر بھارت اپنے گھر پر 12 سال بعد ٹیسٹ سیریز میں شکست کا مزا چھکایا ۔ آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 235 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت نے 263 رنز بناکر 28 رنز کی برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں مہمان ٹیم 174 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تاہم صرف 147 رنز کا ہدف ملنے کےبعد میزبان ٹیم کے اوسان خطا ہوگئے اور وہ 121 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ وکٹ کیپر ریشبھ پنت 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی پوری ٹیسٹ سیریز میں ناکام رہے۔لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل نے پہلی اننگز میں 5 اور دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ آخری بار انگلینڈ نے 2011 میں بھارت کو 4 میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔