کراچی (آئی این پی)کراچی کے مختلف علاقوں کو گیس کی فراہمی اچانک بند ہو جانے سے شہریوں، ہوٹل مالکان و دیگر کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔سرجانی میں گیس لیکج کے باعث سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے مختلف علاقوں میں ہنگامی طور پر گیس کی فراہمی منقطع کر دی ہے۔سرجانی ٹاون، منگھوپیر ٹاون، قصبہ ٹاون، اورنگی ٹاون، بلدیہ ٹاون، گلشنِ معمار، سائٹ، سپر ہائی وے، نارتھ کراچی، صدر اور اطراف کے علاقوں میں گیس کی فراہمی بند ہے۔ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ گیس پائپس اور متعلقہ لیکج کی مرمت تبدیل کرنے کا متوقع وقت کل رات 08:00 بجے ہے، سوئی گیس کا عملہ اس مسئلے کے جلد حل کیلیے مسلسل مصروف ہے۔ایس ایس جی سی کے مطابق اس سلسلے میں ہونے والی زحمت کیلیے ہم اپنے معزز صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔