ملتان (سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے انسدادِ پولیو مہم عظمیٰ کاردار نے کہا کہ موثر اقدامات کے باعث پولیو وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے، رواں سال ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا جبکہ گزشتہ 3 سال سے صوبہ پنجاب مکمل پولیو فری ہے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز دورہ ملتان کے دوران پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں انسپیکشن کرتے ہوئے کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مبشر الرحمان اور مسلم لیگ ن کے رہنما و وزیر اعلیٰ شکایات سیل و کوآرڈینیشن ملتان کے انچارج عمر فاروق بھٹی بھی ہمراہ تھے، عظمیٰ کاردار نے مختلف گھروں میں جا کر بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور ویکسینیشن کا جائزہ لیا۔