پشاور(وقائع نگار) محکمہ ایکسائز کے سابق افسران اور محکمہ ایکسائز کے کلاس فورس ملازمین اورکلریکل سٹاف کیساتھ متعدد سرکاری گاڑیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق افسران کیساتھ 70 سے زیادہ قمیتی سرکاری گاڑیوں کی موجودگی کی دستاویز موصول ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی کے احکامات پر گاڑیوں کی واپسی کیلئے محکمہ کی جانب سے کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز کے سابق افسران کیساتھ قیمتی سرکاری گاڑیوں کی موجودگی کے حوالے سے جاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے متعدد سابق سیکرٹریز و ڈائریکٹر جنرل کے پاس متعدد گاڑیاں موجود ہیں۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ متعدد سابق افسران کے ساتھ 3،3 اور 2،2 گاڑیاں موجود ہیں، اس لئے محکمہ ایکسائز کی جانب سے سابق افسران کی فہرستیں تیار کر کے انٹیلی جنس سمیت ایکسائز کے تمام سکواڈز کو فراہم کر دی گئِی ہیں۔