پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر علی خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دستیاب وسائل اور فنڈ کا موثر استعمال یقینی بنا کر جاری منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں، نکاسی نظام کی بحالی اور ہاٹ سپاٹس میں نکاسی نظام میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ وہ ماہ اکتوبر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں جنرل منیجر آپریشن محمد اعجاز، جی ایم پی ایم ای آر ضمیر الحسن، جی ایم پراجیکٹس ڈاکٹر محبوب عالم، زونل منیجرزباسط خٹک، طارق عزیز، انوار الحق، عامر گل خٹک، ڈاکٹر ماریہ شہناز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پچھلے ماہ ریکوری میں اضافے کو سراہا گیا،ریونیو نیٹ سے باہر تجارتی تنصیبات، پلازوں اور مراکز کو نیٹ میں لانے کے لئے متعلقہ سرکاری محکموں سے ڈیٹا لینے کی ہدایت کی گئی۔