• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کے صحافیوں نے ہمیشہ حق کا پرچم بلند رکھا،غلام علی

پشاور(لیڈی رپورٹر)سابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پشاور کے صحافیوں نے ہمیشہ حق کو سچ کا علم بلند رکھتے ہوئے مشکل ترین حالات میں بھی پوری تندہی سے فرائض انجام دیے، ان سے تعلق دہائیوں پر محیط ہے ، خیبر یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ سے پوری امید ہے کہ وہ صحافیوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب صدر کاشف الدین سید اور کابینہ اراکین کو کلین سویپ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔ سابق گورنر حاجی غلام علی کے ہمراہ سرحد بزنس الائنس کے نمائندہ وفد نے بھی نو منتخب کابینہ کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر ایس بی اے کے کو چیئرمین محمد اسحاق ، غلام بلال جاوید ، تاجر رہنما ملک مہر الہی، ایف پی سی سی آئی کے سابق کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک ، کے ایچ یو جے کے نو منتخب صدر کاشف الدین سید اور کابینہ اراکین نے سابق گورنر اور وفد کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی ۔ سابق گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص پشاور نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت مشکل وقت دیکھا لیکن پشاور کے صحافیوں نے ہمیشہ کی طرح ان حالات میں بھی جس طرح سے اپنے فرائض انجام دیے اور تاحال حق و سچ کا علم بلند رکھے ہوئے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے لیے صحافیوں نے اپنے قلم اور کیمرے سے جو خدمات دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ سابق گورنر نے امید کا اظہار کیا کہ خیبر یونین آف جرنلسٹس کی نو منتخب کابینہ صدر کاشف الدین سید کی قیادت میں صحافی برادری کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پشاور سے مزید