انصار عباسی
اسلام آباد :…اعلیٰ اختیارات کے حامل سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس 15؍ ماہ کے وقفے کے بعد نومبر کے آخری ہفتے میں ہونے جا رہا ہے جس میں 20؍ اور 21؍ گریڈ کی سیکڑوں خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے تقریباً ایک ہزار افسران کے پروموشن کیسز پر غور کیا جائے گا۔
ہائی لیول پروموشن کیلئے جن افسران کے ناموں پر غور کیا جائے گا ان میں سے بیشتر کا تعلق سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے مختلف آکیوپیشنل گروپس سے ہے۔
سی ایس ایس گروپس اور کیڈرز سے تعلق رکھنے والے تقریباً 800؍ افسران گریڈ 20؍ اور 21؍ میں ترقی کیلئے دوڑ میں ہیں۔ جن دیگر افسران کے کیسز پر غور کیا جائے گا ان کا تعلق مختلف سرکاری محکموں اور ایجنسیوں کے ایکس کیڈر افسران ہیں۔
پیشہ ورانہ گروپوں میں پروموشن کیلئے جن افسران کے ناموں پر غور کیا جائے گا ان میں زیادہ تر افسران کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس)، پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی)، سیکریٹریٹ گروپ (ایس جی)، ان لینڈ ریونیو سروس (آئی آر ایس) اور پاکستان کسٹمز سروس (پی سی ایس) سے ہے۔
پی اے ایس کیلئے گریڈ 20؍ اور 21؍ میں دستیاب آسامیاں سب سے زیادہ ہیں جس کے بعد زیادہ آسامیاں پاکستان آڈٹ اینڈ اکائونٹس سروس (پی اے اے ایس)، ایس جی اور پی ایس پی گروپ میں ہیں۔
15 ماہ کے وقفے کے بعد، اعلیٰ اختیارات کے حامل سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس نومبر 2024 کے آخری ہفتے میں ہوگا جس میں ایک ہزار افسران کو ترقی دینے پر غور کیا جائے گا۔
یہ اجلاس 24، 25 اور 26 نومبر کو ہونا ہے۔ اگر بورڈ تین روز میں اپنا کام مکمل نہ کر پایا تو 27 اور 28 نومبر کو بھی بورڈ کا اجلاس رکھا گیا ہے۔
توقع ہے کہ 300 سے 400 افسران کو 20؍ اور 21؍ گریڈ میں ترقی دینے کیلئے سی ایس بی سفارش کرے گا۔
سی ایس بی کا گزشتہ اجلاس اگست 2023 کے اوائل میں ہوا تھا۔ پروموشن پالیسی کے مطابق سی ایس بی کا اجلاس سال میں دو مرتبہ ہونا چاہئے لیکن اس بار طویل وقفے کے بعد یہ اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ چونکہ نگراں حکومت کو سرکاری ملازمین کو ترقی دینے کا مینڈیٹ حاصل نہیں
لہٰذا اس عرصہ کے دوران سی ایس بی کا اجلاس نہیں ہو سکا۔ ایک ذریعے کے مطابق، معاملہ درحقیقت چیئرمین ایف پی ایس سی کی عدم موجودگی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، جو سی ایس بی کے سربراہ (چیئرمین) بھی ہیں۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے چیئرمین کا عہدہ حال ہی میں پُر ہوا جس کے بعد انہوں نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو آگاہ کیا کہ سی ایس بی کا اجلاس نومبر کے آخری ہفتے میں منعقد کیا جائے۔