لاہور(نمائندہ جنگ) بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے لاہور پریس کلب کے اراکین کے علاج کےلئے مالی معاونت کرنے کا اعلان کر دیا، ممبران کے علاج کے لئے20 فیصد مالی مدد فراہم کریں گے، محمود بھٹی کو لاہور پریس کلب کی لائف ٹائم اعزازی ممبر شپ اور شیلڈ دی گئی، لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں خطاب کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام بہتر ہونا چاہیئے، میری زمین پر بھی قبضہ ہوچکا ہے صحافی برادری میرے دل کے قریب ہے، لاہور شہر میں ہی آنکھ کھولی ہے، مجھے معلوم ہے کہ جب گھر میں کوئی فرد بیمار ہوتا ہے تو علاج کس قدر مہنگا ہے، میں اپنی صحافی برادری کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں، لاہور پریس کلب کی طرف سے مجھے جو ہدایات ملیں گی اس پر عمل درآمد کروں گا، ہم اوورسیز پاکستانیوں کو بہت مسائل ہیں، پاکستان میں ان کی جائیدادوں پر قبضہ ہوجاتا ہے اور انصاف کے حصول کے لئے عدالتوں کے دھکے کھانے پڑتے ہیں، سفارش اور اوپر سے فون نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے، پاکستان میں عدالتی نظام بہتر ہونا چاہیئے، میری زمین پر بھی قبضہ ہوچکا ہے اور میں پیرس سے لاکھوں روپے کی ٹکٹ لے کر انصاف لینے پاکستان آتا ہوں، مجھے انصاف نہیں مل رہا ہے، میں نے لاہور شہر میں ایک اسپتال بنایا اس میں بھی مسائل پیدا ہوگئے ہیں،کیا کروں ،کس سے انصاف لوں، اوورسیز پاکستانی ہوں، پاکستان میں سرمایہ لاتا ہوں، یہ ملک میرا ہے اس نے مجھے ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز دیا ہے، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ جو محنت کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی مدد کرتا ہے۔