• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوابی میں PTI کا جلسہ، خان کی رہائی کے بغیر گھر نہیں جائیں گے، گنڈاپور

صوابی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام صوابی میں ہفتے کے روز جلسہ کیا گیا، تاہم جلسے میں کسی بھی لائحہ عمل کا اعلان نہ ہوسکا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے میں اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اسی مہینے فائنل کال دینگے، کارکن تیاری کرلیں، عمران خان کی رہائی کے بغیر گھر نہیں جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خطاب میں کہا کہ ہم امریکا سے مدد کے طلبگار نہیں، تبدیلی پاکستان کے اندر سے ہی آئیگی،بانی پی ٹی آئی کی رہائی بہت قریب ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ آج ملک میں جبر کا جو نظام قائم ہے اس کے سامنے کسی پاکستانی کی کوئی حیثیت نہیں، عمران خان کا قوم کے نام پیغام ہے کہ پاکستان کی سڑکیں تمہاری منتظر ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم اپنے شہری حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، اور نہ ہی کسی کی دھونس اور دھمکی میں آئیں گے۔ جلسے سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ اپنے کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں، پاکستان کو آزاد کرانے کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں۔ آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اب ہمیں بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں حقیقی آزادی کیلئے نکلنا ہے، آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے دئیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہےاورعمران خان کو رہا کروانے تک واپس نہیں آئیں گے۔

اہم خبریں سے مزید