کراچی (نیوز ڈیسک) ڈونالڈ ٹرمپ کے صدارتی انتخاب میں کامیابی کے ساتھ ہی ٹرمپ انتظامیہ کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہو گئی ہیں۔ ٹرمپ کی ٹیم میں کون شامل ہوگا اور کون باہر ہوگا اس پر فیصلہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اسی سلسلے میں جنوبی کیرولینا کی سابق گورنر نکی ہیلی اور سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ٹرمپ کی ٹیم سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔ اس کی اطلاع ڈونالڈ ٹرمپ نے خود ہفتہ کو سوشل میڈیا پر دی۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ میں سابق سفیر نکی ہیلی یا سابق سیکرٹری آف اسٹیٹ مائک پومپیو کو ٹرمپ انتظامیہ میں شاملہونے کے لیے مدعو نہیں کروں گا۔ میں نے پہلے ان کے ساتھ کام کرنے کا بہت لطف اٹھایا اور ستائش کی۔ میں انہیں ہمارے ملک کیلئے ان کی خدمات کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ واضح ہو کہ ہندوستانی نژاد نکی ہیلی نے پہلے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے طور پر کام کیا تھا اور اسی سال کی شروعات میں ریپبلکن پرائمری میں ٹرمپ کے خلاف انتخاب لڑا تھا۔