کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ہیرو اور پاکستانی اسپنر نعمان علی کو اکتوبر کیلئےپلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا ہے۔ نعمان علی کے علاوہ نیوزی لینڈ کے لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر اور جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا بھی اس دوڑ میں شامل تھے ۔38 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں میں 20 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ آخری بار گزشتہ سال اگست میں بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار پائے تھے ۔ 14 ماہ بعد یہ اعزاز قومی کرکٹر کے حصے میں آیا ہے۔ نعمان علی نے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام ساتھی کرکٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔