کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے معصوم بچے کا اغواء تشویشناک امر ہے ، پولیس فوری طور پر بچے کی بازیابی کو یقینی بنائے ، بچے کی بازیابی تک بلیلی کسٹم کے مقام پر شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند رکھا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو چیمبر آف کامرس ، سیاسی جماعتوں ، قبائلی عمائدین ، وکلاء برادری کے مشترکہ اجلاس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے دن دہاڑے بچے محمد مصور کا اغواء پولیس کی ناکامی کا ثبوت ہے واقعے سے تاجر برادری اور عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچے کی بازیابی کے حوالے سے مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب اور ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا تب تک بلیلی کسٹم کے مقام پر کوئٹہ لورالائی اور کوئٹہ ژوب قومی شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند رکھا جائے گا ۔