کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ سیلاب زدگان کیلئے سندھ پیپلز ہاؤسنگ منصوبہ دنیا کیلئے مثال ہے، سندھ میں ہی آب و ہوا سے نمٹنے کیلئے تین لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں، اگلے مرحلے میں پانی اور حفظان صحت (ڈبلیو اے ایس ایچ) کی سہولیات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ باکو میں منعقدہ cop 29 میں اپنے کلیدی خطاب میںوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےسندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افکٹیز (ایس پی ایچ ایف) پروگرام کی قابل ذکر کامیابیوں کو اجاگر کیا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کے لئے ایک عالمی ماڈل کے طور پر پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ چیئرمین بلاول بھٹو کے ویژن کا حصہ ہے جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ افراد کوموسمی حالات کے چیلنجز کے مطابق رہائشی سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کئی اہم اہداف پر ر روشنی ڈالی کہا کہ اس وقت 2.1 ملین گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں اور اس پروجیکٹ کی شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے 10 لاکھ سے زائد بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں جس سے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 8 لاکھ 10 ہزار روپے کی امداد کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔