اسلام آباد(فاروق اقدس)پاکستان اور امریکہ کے درمیان تاریخی تعلقات کی بنیاد ترقیاتی شراکت داری میں بدل چکی ہے، نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت پاک-امریکا شراکت داری کو نئی جہت دینے کا ایک سنہری موقع ہوگی، پاکستان علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے امریکا کا ’فطری شراکت دار‘ ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پیر کو اسلام آباد یو ایس ایڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکا میں نئی قیادت سے ممکنہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’نئی امریکی انتظامیہ کے آنے کے بعد ہمارے پاس اپنی شراکت داری کو نئی جہت دینے اور اسے تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئے دنیا کے مطابق ڈھالنے کا سنہری موقع ہے۔‘ان کا کہنا تھاکہ تعاون کا یہ نیا دور ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے مشترکہ مشکلات کے حل کے لیے کام کرسکتا ہے، کلیدی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے ذریعے ہم انقلابی نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پائیدار مستقبل کے حصول کے لیے قابل تجدید توانائی، زراعت اور جدید انفرااسٹرکچر میں مشترکہ تحقیق پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ثقافتی، تعلیمی اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے شامل کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی اور وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ کے سنگم پر اپنی تزویراتی محل وقوع کی وجہ سے علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے لیے امریکا کا ’فطری شراکت دار‘ ہے۔