اوسلو (ناصر اکبر) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نارویجن وزارت خارجہ کے باہر تحریک انصاف ناروے کے زیراہتمام پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر شدید برف باری اور خراب موسم کے باوجود پرامن احتجاجی مظاہرے میں کارکنوں نے بھرپور شرکت کی جبکہ نارویجن سیاست دانوں سمیت پاکستانی سیاست دانوں خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ خراب موسم کے باوجود عمران خان زندہ باد، عمران خان اور سیاسی کارکنوں کو رہا کرو، ملک میں استحکام اور قانون کی پاسداری ہونی چاہیے، کے نعرے لگائے گئے۔ تقریب کا آغاز حافظ اسلم حق نے تلاوت قران پاک سے کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پی ٹی آئی ناروے کے صدر حاجی محمد افضال نے سر انجام دیئے۔ احتجاجی مظاہرے سے پی ٹی آئی ناروے کے صدرحاجی محمد افضال، اوسلو لیبر پارٹی کے رہنما فروڈ جیکبسن Geir Lippestad سینٹر پارٹی ماریل لیرا اور دی پیس اینڈ جسٹس پارٹی کے شعیب سلطان، ارمین ملک، علی ایاز خان، چوہدری اطہر علی، ڈاکٹر شہلا، فلسطینی رہنما محمد عبداللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر احتجاج میں شامل تمام مظاہرین نے عمران خان کی فائنل کال کے سلسلے میں اپنے موبائل کی لائٹس آن کر کے عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ بھی کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں تحریک انصاف ناروے کے صدر حاجی افضال نے مظاہرین سے ’’ہاں بھئی ہاں کپتان بنو گے، ہاں بھئی ہاں‘‘ کے نعرے بھی لگوائے۔